کراچی:گزشتہ سال کی نسبت 15 ہزار اضافی اسٹریٹ کرائم رپورٹ


کراچی میں  گزشتہ برس  کی نسبت رواں سال 15ہزار زائد وارداتیں ریکارڈہوئیں۔

ذرائع سی پی ایل سی کے مطابق رواں سال کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں 65ہزار سے تجاوز کر گئیں۔

رواں سال موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں میں 84فیصد اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال کی نسبت رواں سال موٹر سائیکل چھیننے کی ایک ہزار 709وارداتیں زیادہ ہوئیں۔

موٹرسائیکل چوری میں 36 فیصد اضافہ ہوا۔10ہزار 338وارداتیں زیادہ ہوئیں۔ رواں سال کے10 ماہ میں شہری 42ہزار 897موٹرسائیکلوں سے محروم کردئیے گئے۔

گاڑی چوری  کی وارداتیں 21فیصد اور گاڑی  چھیننے کی وارداتیں  14 فیصد بڑھ گئیں۔ رواں سال گزشتہ سال کی نسبت گاڑی چوری اور چھیننے کی   286وارداتیں زیادہ  ریکارڈ کی گئیں۔ راوں سال اب تک ایک ہزار 711گاڑیاں چوری وچھین لی گئیں ہیں۔

رواں سال موبائل فون چھیننے کی وارداتیں  17فیصد بڑھ گئیں اور گزشتہ سال کی نسبت 3018زیادہ واقعات رپورٹ کیے گئے۔ 20ہزار 952موبائل فونز چھینے اور چوری کیے گئے۔

ریکارڈ کے مطابق2020 کے پہلے 10 ماہ میں   30ہزار 850موٹرسائیکلیں، ایک ہزار425گاڑیاں چوری و چھینی گئی تھیں۔ جبکہ گزشتہ برس کراچی والوں کو 17ہزار 934موبائل فونز سے محروم کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں