شعیب اختر سے بدتمیزی، اداکار بھی قومی ہیرو کے حق میں بول پڑے


 سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر سے بدتمیزی کے خلاف پاکستانی فنکار بھی میدان میں آ گئے۔

اداکار ہمایوں سعید نے قومی ہیرو کی حمایت میں ٹوئٹر پر لکھا کہ  ڈاکٹر نعمان نیاز کو شعیب اختر سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی شوز کے دوران جھگڑے ہوتے ہیں لیکن کوئی میزبان اپنے مہمان کو جانے کو نہیں کہتا، یہ کسی بھی مہمان سے گفتگو کرنے کا کوئی طریقہ نہیں تھا۔

عدنان صدیقی نے بھی سرکاری ٹی وی چینل پر شعیب اختر کے ساتھ  بدتمیزی کی مزمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکڑ نعمان کو کوئی حق نہیں کہ وہ ہمارے قومی ہیرو کے ساتھ ایسا رویہ رکھیں، جبکہ انہوں نے شعیب اختر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شعیب نے جیسے لائیو شو میں خود کو سنبھالا وہ اچھی پرورش کی نشانی ہے، کوئی اور ہوتا تو قابو کھو دیتا۔

گلوکار علی ظفر بھی لیجنڈ کھلاڑی کے ساتھ یہ سلوک برداشت نہ کر سکے، انہوں نے لکھا کہ ہمیں رائے کا حق حاصل ہے لیکن رائے کا اظہار احترام سے بھی کیا جاسکتا ہے، اور ہم اپنے بہتر الفاظ کا چناؤ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے شعیب کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ لیجنڈ ہیں۔

ان سب میں پاکستانی فلم اسٹار شان شاہد بھی سامنے آئے اور کہا کہ پورے پاکستان نے  لائیو شو میں دیکھا کہ کیسے ڈاکٹر نعمان نے ہمارے قومی ہیرو کو بے عزت کیا، اس کے بعد کسی کمیٹی کی ضرورت نہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل پی ٹی وی سپورٹس پر سابق فاسٹ بالر شعیب اختر اور پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے مابین تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا۔

جس پر میزبان ڈاکٹرنعمان نیاز نے لیجنڈ پلیئر شعیب اخترکو پروگروام چھوڑ کر جانے کا کہا تھا۔ جس کے بعد شعیب اختر نے لائیو شو کے دوران ہی استعفیٰ دے دیا اور اٹھ کر چلے گئے۔


متعلقہ خبریں