چیئرمین نیب کی طلبی، قائمہ کمیٹی میں پیپلز پارٹی کے ارکان مستعفی


اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف  سے پیپلزپارٹی کے ارکان نے استعفیٰ دے دیا ہے، نوید قمر اور شگفتہ جمالی نے اپنے استعفے چیئرمین کمیٹی کو بھجوا دیے ہیں۔

اپنے استعفے میں انہوں نے لکھا ہے کہ چیئرمین نیب کو اس طرح کمیٹی میں طلب کرنا نیب کے کام میں مداخلت ہے اور ایسا کرنے سے نیب کمزور ہوگا، پارلیمنٹ اداروں کو کمزور نہیں مضبوط کرتی ہے۔

کمیٹی کے چیئرمین چودھری اشرف نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ انہیں دونوں ارکان کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا، انہوں نے یہ خبرٹی وی  پر دیکھی  ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ارکان کو جلد بازی نہیں کرنی چاہیے تھی، اجلاس کل ہر صورت ہو گا۔

قانون وانصاف کی بیس رکنی قائمہ کمیٹی میں متعلقہ وزیر کے علاوہ مسلم لیگ ن کے بارہ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے دو، دو اور ایم کیو ایم، جے یو ائی ف اور جماعت اسلامی کا ایک ایک رکن شامل ہے۔

چیئرمین نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر 4.9 ارب روپے کی رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے بھارت بھجوانے کے الزام کی تحقیقات کا حکم دیا تھا جس پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے انہیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا۔


متعلقہ خبریں