پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود نے افغانستان میں پرامن تصفیے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے نقطہ نظر میں ہم آہنگی موجود ہے۔
امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن نے وفد کے ہمراہ وزارتِ خارجہ کا دورہ کیا ہے۔ امریکی نائب وزیر خارجہ نے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔ اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیا مسٹر ڈونلڈ لو بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دوران ملاقات دوطرفہ تعلقات، افغانستان اور علاقائی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی نائب وزیر خارجہ نے بلوچستان میں آنے والے زلزلے اور اس کے نتیجے میں ہونیوالے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
نائب وزیر خارجہ نے افغانستان سے امریکی اور دیگر شہریوں کے انخلاء کے لیے پاکستان کی معاونت اور خطے میں امن کے لیے بروئے کار لائی گئی مسلسل کوششوں کو سراہا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا ہمیں توقع ہے کہ افغانستان میں نیا سیٹ اپ امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ تمام افغان عوام کی بہتری کے لیے کام کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان عوام کی نمائندہ اور وسیع البنیاد حکومت، بین الاقوامی برادری کے لیے قابل اعتماد شراکت دار ہو سکتی ہے۔
موجودہ صورتحال میں عالمی برادری کی جانب سے مثبت شمولیت، انسانی امداد اور مالیاتی وسائل کی فراہمی اور افغان عوام کے مصائب کو دور کرنے کے لیے پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔
پاکستان، معاشی تعاون، علاقائی روابط کے فروغ اور خطے میں قیام امن کیلئے امریکہ کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل المیعاد اور پائیدار تعلقات کے قیام کا خواہاں ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان باقاعدہ اور منظم ڈائیلاگ کا عمل ہمارے دوطرفہ مفاد کے ساتھ ساتھ مشترکہ علاقائی مقاصد کو فروغ دینے کے لیے بہت ضروری ہے۔
غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر زور دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی اہمیت پر زور دیا۔
شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ میں بات چیت کا عمل مشترکہ مقاصد کےفروغ کے لیے ضروری ہے۔
امریکی نائب وزیر خارجہ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان موسمیاتی تغیر اور متبادل توانائی کے حوالے سے دو طرفہ مذاکرات میں ہونیوالی پیش رفت کی تعریف کی۔
وزیر خارجہ نے امریکہ کی جانب سے پاکستان کو دی گئی کوویڈ سے متعلقہ معاونت پر نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین کا ادا شکریہ کیا۔
واضح رہے کہ امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن 7 سے 8 اکتوبر 2021 تک پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔
ان کا یہ دورہ 23 ستمبر 2021 کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر وزیر خارجہ قریشی اور سیکریٹری اسٹیٹ بلنکن کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد ہو رہا ہے