آئین توڑنے والے محب وطن اور خدمت کرنے والے غدار ٹھہرے، نواز شریف


بونیر: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اس ملک میں جو دن رات ایک کرکے ملک کی خدمت کرتے ہیں وہ غدار ہیں اور جنہوں نے ملک کو داؤ پر لگادیا، آئین توڑا، وہ محب وطن ٹھہرے۔

انہوں نے بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے عوام کو دھوکا دیا ہے، میں مردان گیا تو وہاں وہی پرانا خیبرپختونخوا دیکھا لیکن ہم نے عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کردیے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کی حالت بھی ہم ہی بدلیں گے، عمران خان بتائے کہ بونیر کے لیے اب تک کیا کیا ہے؟ پشاور میں گروغبار اور ٹوٹی سڑکیں دیکھ کر دُکھ  ہوتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر ملک سے دہشت گردی کو ختم کیا، بونیر کے علاوہ کراچی  میں بھی امن قائم کیا لیکن وہاں کی حکومت کی جانب سے کچھ  بھی نہیں کیا گیا۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر میں غدار ہوں تو تحقیقات کے لیے قومی کمیشن بنا دیا جائے تا کہ حساب کتاب ہوجائے اور جو مجرم ثابت  ہو اُسے پھانسی دے دی جائے، منی لانڈرنگ پر بھی کمشین بنا دیا جائے اور چیئرمین قومی احتساب بیورو ( نیب ) جسٹس ( ر ) جاوید اقبال کو بھی اُس میں پیش کیا جائے، جب تک چیئرمین نیب معافی مانگ کر گھر نہیں جائیں گے ہم اُنہیں نہیں چھوڑیں گے۔


متعلقہ خبریں