چیئرمین نیب سے معافی منگوانے مسلم لیگ ن سپریم کورٹ پہنچ گئی


اسلام آباد: مسلم لیگ ن اوورسیز کے رہنما نور احمد اعوان نے چیئرمین نیب جسٹس ( ر ) جاوید اقبال کے خلاف سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف عدالتوں میں مقدمات زیرسماعت ہیں اورعدالت اُنہیں نااہل قرار دے چکی ہے، عام طور پر سیاستدان اپنے مخالفین کی جانب سے جھوٹے پروپیگنڈے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنتے ہیں کیونکہ سیاسی مخالفین کا کام الزام لگا کر سیاسی مفاد حاصل کرنا ہوتا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ آٹھ مئی کو چیئرمین نیب نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے نواز شریف کی جانب سے رقم بھارت منتقل کرنے کا ذکر کیا، یہ معلومات عالمی بینک کی مائیگریشن اینڈ ریمیٹنس بک 2016 سے اٹھائی گئی تھیں جسے بینک دولت پاکستان 21 ستمبر 2016 کو مسترد کرچکی ہے اس لیے پریس ریلیز سے ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان پیدا ہوچکے ہیں۔

درخواست گزار نے کہا  ہے کہ نیب کی جانب سے جاری کردہ  پریس ریلیز نواز شریف کو بدنام کرنے کی سازش ہے اور چیئرمین نیب کی جانب سے تاحال کوئی تردید جاری نہیں کی گئی ہے چنانچہ موجودہ صورتحال میں سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ ہمیشہ سے غیر قانونی کاموں اور غیر یقینی صورتحال پر نوٹس لیتی رہی ہے اس لیے پریس ریلیز کے معاملے کی تحقیقات کرانے اور چیئرمین نیب کو غیر مشروط معافی مانگنے کا حکم دیا جائے۔

 


متعلقہ خبریں