لاہور: اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے قتل کی تحقیقات میں پیش رفت سامنے آگئی ۔ ابتدائی پولیس تفتیش میں دشمنی کی وجہ کچھ اور نکلی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کا کوئی چچا قتل نہیں ہوا۔ مقتول مبشر کھوکھر ملزم کے بھائی کے قتل کیس کی پیروی سے پیچھے ہٹ گیا تھا۔ ملزم نے اسی رنجش پر مبشر کھوکھر کو قتل کیا ۔ اس سے پہلے ملزم ناظم نے مبشر کھوکھر کا قتل چچا کے قتل کا انتقام قرار دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ملزم ناظم کے بھائی اسلم عرف بلا کی گٹھا گروپ سے مخالفت تھی۔ ناظم کے بھائی اسلم عرف بلا کو قتل کیا گیا۔ قتل کا الزام 10 افراد پر لگا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مبشر کھوکھر قتل کیس میں دوسرے ملزم کے انکشافات
ابتدا میں مبشر کھوکھر ناظم کے بھائی مقتول بلا کے کیس کی پیروی کرتا رہا۔ اسلم بلا کے قتل کا گواہ منشا مخالف پارٹی کے دباؤ پر منحرف ہو گیا۔ ناظم نے انحراف پر گواہ منشا کو قتل کر دیا۔منشا کے قتل کے بعد مبشر کھوکھر بھی اسلم بلا کیس کی پیروی سے پیچھے ہٹ گیا
منشا قتل کیس میں جیل سے سزا کاٹنے کے بعد ناظم رہا ہو گیا۔ ناظم کو مبشر کھوکھر سے بھائی کے کیس کی پیروی سے ہٹنے کی رنجش تھی جس پر مبشرکھوکھو کو قتل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مبشر کھوکھر قتل، مقدمہ درج، تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل
واضح رہے کہ 6 اگست کو لاہور میں اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی موجودگی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کو قتل کیا گیا تھا۔