افغان سفیر کی بیٹی راولپنڈی سےدامن کوہ کیسے پہنچی؟


اسلام آباد: وزیرداخلہ شیخ رشید نے بتایا اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں کہ افغان سفیر کی بیٹی راولپنڈی سے دامن کوہ کیسے پہنچیں۔

پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے اب تک ہونے والی پیش رفت کے متعلق بتایا کہ افغان سفیرکی بیٹی گھر سے پیدل نکل کرمارکیٹ آئی۔ ٹیکسی کرکے کھڈا مارکیٹ گئی۔

اسلام آباد کی کھڈ امارکیٹ سے افغان سفیرکی بیٹی نےایک اورٹیکسی لی۔ فوٹیج کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی کھڈا مارکیٹ سے راولپنڈی گئی۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ راولپنڈی جانے کےبعد وہاں سےدامن کوہ پہنچی۔ راولپنڈی سےدامن کوہ کیسے پہنچیں اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

دامن کوہ میں تیسری ٹیکسی  کے ڈرائیورکا بھی انٹرویوکیا ہے۔ وزیرنے بتایا کہ واقعے کے بعد افغان سفیرکی بیٹی پہلے نجی اسپتال گئی اس کے بعد پمزگئیں۔

شیخ رشید نے بتایا کہ افغان سفیرکی بیٹی کےساتھ واقعہ16تاریخ کوپیش آیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہےکہ اس کیس کوترجیحی بنیادوں پرحل کیاجائے۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ مقدمہ تھانہ کوہسارمیں افغان سفیرکی بیٹی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں اغوا اورتشدد کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

افغان سفیر کی درخواست پر درج کیے گئے مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی354، 365، 506 اور دفعہ 34 کو شامل کیا گیا ہے۔

ابتدائی بیان میں لڑکی نے بتایا کہ گھر سے کچھ دور ٹیکسی میں شاپنگ کیلئے گئی تھی۔ واپسی کیلئے دوسری ٹیکسی میں سوارہوئی جوکچھ  دیر بعد راستے میں روک دی گئی۔

اچانک ایک شخص آیا اور ٹیکسی میں سوار ہوکر مجھ  پرتشدد کرنے لگا۔ تشدد کے باعث میں بے ہوش ہوگئی ، آنکھ کھلی توپارک میں گندگی کے ڈھیر پر تھی۔

اطلاعات ہیں کہ پولیس نے گزشتہ روز2 ٹیکسی ڈرائیورز کو گرفتار کرلیا تھا۔ تیسرے نامعلوم شخص کی تلاش جاری ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ترجیحی بنیادوں پر واقعے کی تحقیقات کریں اور ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے حقائق سامنے لائیں۔

 


متعلقہ خبریں