اسلام آباد: رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ابھی مزید بڑھے گی۔
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بے بنیاد الزامات لگانے کا سلسلہ جاری ہے اور میرے خلاف کیس یہ ہے کہ ایل این جی کی ضرورت نہیں تھی اور زبردستی پلانٹ لگایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہر معاملے میں ناکام ہو گئی ہے جبکہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری سے لوگ پریشان ہیں لیکن مہنگائی ابھی اور بڑھے گی۔ ہم پر جو مقدمات ہیں ان کی سماعت کے لیے کیمرے لگائے جائیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومتی نااہلی کے باعث 6 دن ایل این جی بند کرنی پڑی جس کی وجہ سے پورا ملک بیٹھ گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو قومی احتساب بیورو (نیب) کے حوالے کر دیں تو وہ بہتر چلا لے گا۔ ہزاروں ارب کے اسکینڈلز پر نیب خاموش بیٹھا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت بلوچستان میں 131 منصوبے مکمل کرے گی، فواد چوہدری
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمیں افغان عوام اور افغانستان کی خود مختاری کا خیال رکھنا چاہیے اور ہمیں افغان معاملات میں فریق نہیں بننا چاہیے۔ ہمیں افغانستان کی خودمختاری کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرنے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا الیکشن بھی چوری ہوجائے گا تو دنیا میں ہماری کیا عزت رہے گی ؟