چین: انسانوں میں برڈ فلو کا پہلا کیس رپورٹ


چین میں H10N3 برڈ فلو کے انسانوں میں پہلے کیس کی اطلاع ملی ہے، وزارت صحت کے مطابق مشرقی صوبے جیانگسو میں 41 سالہ شہری میں پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

شہری میں بخار اور دیگر علامات ظاہرہونے کے بعد 28 اپریل کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ شہری وائرس سے کیسے متاثر ہوا اس بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

ابشہری خطرے سے باہر ہے اور جلد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔ اسپتال انتظامیہ نے متاثرہ شہری کے اہل خانہ اور دوست احباب کے بھی ٹیسٹ کیے ہیں لیکن کوئی بھی اس وائرس سے متاثر نہیں۔

چینی ہیلتھ کمیشین کا کہنا ہے کہ H10N3 دیگر وائرس سے کم شدت کا ہے اور اس کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کا خطرہ بھی قدرے کم ہے۔

اس سے پہلے H10N3 کی قسم کا انسانی انفیکشن دنیا میں کہیں بھی رپورٹ نہیں ہوا۔

چین میں 2016 اور 2017 میں بڑد فلو H7N9 سے 300 افراد ہلاک ہوئے تھے، لیکن اس کے بعد سے کوئی خطرناک قسم رپورٹ نہیں ہوئی۔

چین کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ یہ دنیا بھر میں برائلر چکن پیدا کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے اور مرغیوں کا گوشت کھائے جانے کے حوالے سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔


متعلقہ خبریں