یورپی یونین کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے معاملے پر اہم اجلاس آج ہو گا۔
وزیراعظم عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں یورپی پارلیمنٹ کی نظرثانی قرارداد پر غور ہو گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قرارداد کی روشنی میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ یورپی پارلیمنٹ نے پاکستان میں توہین مذہب کے حوالے سے الزامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو دیے گئے جنرلائزڈ سسٹم آف پرفرنس-پلس (جی ایس پی پلس) اسٹیٹس پر نظرثانی کی قرارداد منظور کی ہے۔
قرارداد میں حکومت پاکستان سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ وہ ملک میں مذہبی اقلیتوں کے خلاف ہونے والے تشدد اور امتیازی سلوک کی’بلا امتیاز مذمت‘کریں جبکہ پاکستان میں فرانس مخالف جذبات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
یورپی پارلیمان میں بھاری اکثریت سے منظور کی جانے والی قرارداد میں یورپی کمیشن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سنہ 2014 میں پاکستان کو جنرلائزڈ سکیم آف پریفرنسز (جی ایس پی) پلس کے تحت دی گئی تجارتی رعایتوں پرفی الفورنظرثانی کرے۔
خیال رہے کہ جی ایس پی سکیم کے تحت ترقی پذیر ممالک کی یورپی یونین کی منڈیوں میں آنے والی مصنوعات سے درآمدی ڈیوٹی ہٹا دی جاتی ہے۔
پاکستان کی 20 فیصد سے زائد ایکسپورٹ یورپی ممالک سے تعلق رکھتی ہیں اور اگر یہ ممالک پاکستان کو جی ایس پی پلس کا دیا گیا رتبہ واپس لے لیں تو یہ پاکستان کی معیشیت کے لیے ایک بڑا دھچکا ہوگا۔