سیاہ تیندوے کا روشن چہرہ


انتہائی نایاب سیاہ رنگ کے تیندوے کو بھارت کے جنگل میں ہرن شکار کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وائلڈ لائف فوٹوگرافر انوراگ گونڈے نے بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر کے تادوبہ نیشنل پارک میں نایاب تیندوے کی تصاویر اپنے کیمرے سے عکس بند کی ہیں۔

24 سالہ فوٹوگرافر نے بتایا کہ اس نے تیندوے کو محض 30 فٹ کی دوری پر دیکھا جب وہ ہرن کا شکار کر رہا تھا۔

کالے رنگ کے تیندوے ، جنہیں سیاہ پینتھر کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ان کی رنگت مختلف ہوتی ہے اورتقریبا 11 فیصد تیندوں میں یہ انوکھا رنگ پایا جاتا ہے ، جس کی وجہ سے یہ بہت کم نظر آتے ہیں۔

گونڈے نے بتایا کہ یہ حیرت کی بات ہے کیونکہ ہم نے سوچا تھا کہ ہم ایک شیر کو دیکھیں گے لیکن ہم نے کالے تیندوے کو شکار کرتے دیکھ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے گزشتہ سال بھی اس تیندوے کو دیکھا تھا اور دوسری مرتبہ دیکھنے پر ایسی ہی خوشی محسوس ہو رہی ہے جیسے پہلے ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تیندوے سے قدرے دور گاڑی روک لی تھی اور ہر قسم کی حرکت بھی بند کر دی تھی تاکہ تیندوا اپنی جگہ سے نہ حل سکے۔

فوٹوگرافر نے بتایا کہ تیندوا ہرن کے شکار میں ناکام رہا جس کے بعد 15 سے 20 منٹ تک وہ ہماری گاڑی سے دور فاصلے پر آ کر بیٹھ گیا۔ یہ ہمارے لیے بہترین موقع تھا اور ہم نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خوب تصاویر بنائی۔

غیر قانونی شکار کے باعث بھارت میں تیندوں کی تعداد انتہائی کم رہ گئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق بھارت کے مختلف جنگلوں میں 12 ہزار سے 15 ہزار تک تیندوے موجود ہیں۔

 


متعلقہ خبریں