قومی اسمبلی میں رانا ثناء اللہ کے بیان کی مذمت، بجٹ غیر آئینی ہے ، خورشید شاہ


اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں رانا ثناء اللہ کا  متنازعہ بیان زیر بحث رہا اور اراکین نے مسلم لیگ ن کو آڑے ہاتھوں لیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا، تحریک انصاف کی شیریں مزاری نے خواتین کے خلاف نازیبا ریمارکس پر مسلم لیگی رہنما کے خلاف قرارداد مذمت پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ خواتین کے بارے میں سیاسی قیادت کے بیانات افسوس ناک ہیں ، پہلے اس معاملے پربات ہوگی پھر بحٹ کی جانب جائیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمارے لیے خواتین قابل احترام ہیں، جو الفاظ استعمال ہوئے وہ قابل افسوس ہیں۔

بجٹ کے حوالے سے سید خورشید شاہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کہا ووٹ کو عزت دو اورپھر خود ہی یوٹرن بھی لے لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا پیش کردہ چھٹا بجٹ غیر آئینی ہے، 20 کروڑ عوام نے پارلیمنٹ کو جو مینڈیٹ دیا اُس کی تضحیک کی گئی اور بالادستی کو چیلنج کیا گیا ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اگر مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا گیا تو پاکستان میں ناقابل فراموش تبدیلی آئے گی۔

 


متعلقہ خبریں