کراچی: فیکٹری میں دھماکے کی گتھی نہ سلجھ سکی

کراچی: فیکٹری میں دھماکے کی گتھی نہ سلجھ سکی

کراچی: نیو کراچی صنعتی ایریا کی فیکٹری میں دھماکے کی گتھی سلجھ نہ سکی، کراچی کی فیکٹری میں دھماکے سے دس جانیں چلی گئیں مگر واقعے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جاسکا۔

متعلقہ حکام نے پہلے بوائلر پھٹنے کو دھماکے کی وجہ قرار دیا  لیکن اب کہا جا رہا ہے کہ فیکٹری میں کوئی بوائلر تھا ہی نہیں اور تمام کمپریسر  بھی سلامت ہیں۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق گیس لیکیج کے باعث دھماکہ ہوا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے ملبہ ہٹائے جانے کے بعد وجوہات کا تعین ممکن ہوگا۔

بم ڈسپوزل کے ماہرین نے متاثرہ جگہ کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملبہ ہٹنے کے بعد اصل شواہد سامنے آئیں گے۔ حادثے کے مقام سے مٹی کے نمونے لےکر جامعہ کراچی کی لیب  بھیجے جائیں گے۔ ایس پی نیو کراچی اظہر مغل کےمطابق  دھماکا یقینی طور پر غفلت کے باعث ہوا۔مقدمہ درج کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی میں دھماکہ، متعدد افراد زخمی

صوبائی وزیر صنعت و تجارت  جام اکرام اللہ دھاریجو نے بھی متاثرہ مقام کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ  حفاظتی تدابیر ضروری ہیں۔ غفلت سامنے آئی تو کارروائی ہوگی۔

جام اکرام اللہ دھاریجو کا کہنا ہے کہ جب تک حفاظتی اقدامات  نہیں ہونگے اس طرح کے واقعات ہوتے رہیں گے۔اس میں سب سے زیادہ ذمہ داری فیکٹری مالکان کی ہوتی ہے جنہیں فیکٹری میں ہر قسم کے سیفٹی میژرزکا خیال رکھنا چاہئے۔

سی پی ایل سی  حکام کے مطابق  ایک اور جاں بحق شخص کی عبد الوحید کے نام سے شناخت ہوگئی ہےجو بہاولپور کا رہنے والا تھا۔ ایک ہلاک شخص کی شناخت ہونا باقی ہے۔ تین شدید زخمیوں کی  شناخت کےلئے فنگر پرٹس   لیے گئے ہیں۔ واقعے میں جاں بحق بیشتر افراد کی  لاشیں ورثاء کے سپرد کی جاچکی ہیں۔


متعلقہ خبریں