واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان کو پہلے مرحلے میں کورونا وائرس کی ویکسین فراہم کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
ذرائع ہم نیوز کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی مشن نے حکومت کو امریکی ردعمل سے آگاہ کر دیا ہے جب کہ دفتر خارجہ نے بھی وزارت قومی صحت کو امریکی جواب سے آگاہ کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے1ہزار650نئے کیسز رپورٹ
مراسلہ کے متن کے مطابق امریکی کمپنی نے ویکسین فراہمی کی درخواست پر جواب نہیں دیا جب کہ امریکہ کی جانب سے جواب دیا گیا ہے کہ کمپنی پہلے فیز میں ویکسین کی مقامی ضرورت پورا کرے گی جب کہ دوسرے مرحلے میں کورونا ویکسین برآمد کی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جانسن اینڈ جانسن تاحال کورونا ویکسین کے کلینکل ٹرائلز کر رہی ہے جب کہ اسے کلینکل ٹرائلز میں وقتی پیچیدگیوں کا بھی سامنا ہے۔
واشنگٹن میں پاکستانی مشن کورونا ویکسین کے حصول کیلئے سرگرم ہے، پاکستانی مشن ویکسین پر کام کرنے والی کمپنیوں سے رابطے میں بھی ہے۔
مراسلہ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت صحت کے امریکی کمپنیوں سے رابطوں کیلئے کوششیں جاری ہیں، پاکستان متوقع کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کیلئے کمپنیوں سے رابطے کر رہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 208 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 63 ہزار 380 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 37 اموات ہوئیں جس کے بعد کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 7 ہزار 230 تک پہنچ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا کورونا ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کا فیصلہ
پاکستان میں کورونا وائرس کے 3 لاکھ 25 ہزار 788 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 24 ہزار 871 ہو چکی ہیں جبکہ مزید 3 افراد کی موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 263 تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں کورونا کے 3 ہزار900 مریض زیر علاج ہیں۔
آزاد کشمیر میں کورونا کیسز کی تعداد 5 ہزار 640 تک پہنچ گئی جبکہ ایک ہزار 362 مریض زیر علاج ہیں۔ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 131 ہے۔