کورونا میں اضافہ، وزرائے تعلیم کا ہنگامی اجلاس طلب

کورونا میں اضافہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے بین الصوبائی وزرائے تعلیم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اجلاس طلب کرلیا ہے، جس کا مراسلہ تمام بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے رکن کو جاری کر دیا گیا ہے۔ بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس 16 نومبر کو 11 بجے این سی او سی اسلام آباد میں ہوگا۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیاں جلدی اور زیادہ کرنے کی سفارش کر دی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی اجلاس میں تعلیمی اداروں میں کورونا کیس اور ایس او پیز پر عملدرآمد پر غور کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں مثبت کورونا کیسز کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کے متعدد تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ملک میں بھی کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا کیسز سامنے آنے پر ضلعی انتظامیہ نے 3 یونیورسٹیوں  کے متعلقہ شعبوں اور کلاسز کے ساتھ ساتھ 79 تعلیمی ادارے اب تک بند کردیے ہیں۔

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں کورونا کیسز رپورٹ ہونے کے بعد یونیورسٹی کوسیل کردیا گیا ہے۔  ماڈل کالج فار بوائز ایف 10/4 کو بھی سیل کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں جو تعلیمی ادارے سیل کیے گئے ہیں ان میں بڑی تعداد نجی تعلیمی اداروں کی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اب تک  متعدد تعلیمی اداروں کو دو یا دو سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کیا جا چکا ہے۔

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں واقع کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے پانچ طلبا و طالبات میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے والے طلبا کو گھر میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے جب کہ ایک طالب علم جس میں علامات ظاہر ہوئی ہیں اسے اسپتال میں زیر علاج رکھا گیا ہے۔

 

 


متعلقہ خبریں