احتساب سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، عثمان بزدار

فائل فوٹو


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ  پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ احتساب قومی مشن ہے، جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اراکین پنجاب اسمبلی  سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ احتجاجی سیاست کرنیوالے اپنی کرپشن اور لوٹ مار سے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ ذاتی مفاد کا قومی مفادات پر غالب آنا افسوسناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج منفی سیاست کرنے والوں نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی بنیادی ضرورتوں کو فراموش کیے رکھا۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ اپوزیشن کس مقصد کیلئے اکٹھی ہوئی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کے اصل چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے کرپشن کے بتوں کو پاش پاش کر دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب

دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک سے کرپشن کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات آڈیٹر جنرل پاکستان جاوید جہانگیر سے ملاقات کے دوران کی جس میں سرکاری فنڈز کے شفاف استعمال اور اس ضمن میں موثر اقدامات کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں فنڈز کے غلط استعمال کی نشاندہی، بدعنوانی کی روک تھام میں آڈٹ کے کردار پر بھی غور کیا گیا۔

اس دوران آڈیٹر جنرل پاکستان نے گورنر سندھ کو اپنے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بھی بتایا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کرپشن کا ناسور ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہا ہے، ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کے ضمن میں آڈیٹر جنرل کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔


متعلقہ خبریں