پیپلزپارٹی نے وزیراعلی خیبر پختونخوا سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کر دیا


پشاور: پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا (کے پی) نے وزیراعلیٰ سے بجٹ سے قبل اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کردیا۔

اپنے ایک بیان میں جنرل سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پرویز خٹک ایوان میں اکثریت کھو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس حکومت کے پاس سادہ اکثریت بھی نہ ہو وہ بجٹ کیسے پیش کرسکتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان نے 60 میں سے 20 ارکان نکال کر اپنی حکومت  برقرار رکھنے کا جوازختم کردیا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ 123 کے ایوان میں 40 ارکان کی حمایت پرحکومت کیسے قائم رہ سکتی ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اب تو اتحادی بھی ساتھ چھوڑ گئے ہیں اورکے پی سیاسی بحران کا شکار ہوگیا  ہے۔

پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ عمران خان کے جھوٹ عوام اور ان کی جماعت پر بھی آشکار ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان دعویٰ کرتے ہیں کہ بچے پرائیویٹ سے سرکاری اسکولوں میں آئے لیکن چیف جسٹس کا کہنا ہے کہ کے پی کے سرکاری اسکول بند پڑے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن کے دعوے بھی سفید جھوٹ ثابت ہوئے ہیں کیونکہ فورسز پر روزانہ حملے ہو رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں