کوئی دشمن اتنی متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتا، وزیر اعظم عمران خان


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی دشمن اتنی متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ آج ہم اپنے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ 1965 کی جنگ مجھے آج تک یاد ہے جب میری عمر 13 سال تھی۔ دشمن کے خلاف قومی اتحاد اور عزم کو کبھی نہیں بھلا سکتا۔

عمران خان نے کہا کہ کوئی دشمن اتنی متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور جناح کا پاکستان بنانے کے لیے آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے یوم دفاع کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔

انہوں نے مسلح افواج کے غازیوں اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر کا دن مسلح افواج کی جرات اورایثارو قربانی کی علامت ‏ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن مسلح افواج نے ثابت کیا کہ مادروطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ حجم اہمیت نہیں رکھتا بلکہ جذبہ او رجرات و بہادری زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔

یوم دفاع  و شہداء کی مناسبت سے ملی نغمہ جاری

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 370 اور 35  اے کی شقوں کو ختم کر کے اقوام متحدہ کے منشور کی ‏خلاف ورزی کی، ‏بھارت نے بے گناہ کشمیریوں پر دہشت اور خوف کاراج مسلط کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر بھی جارحانہ طرز عمل کا مظاہرہ کر رہا ہے،اشتعال انگیزیوں کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے ہٹانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے، اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیاکے عوام کی اقتصادی بہبود اورخوشحالی کیلئے ‏ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے بارہا ثابت کیا کہ وہ ملک کے دفاع کی بھرپور صلاحیت ‏رکھتی ہیں اور کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ کے شہدا اورغازیوں نے عزم اور بے مثال جرات وجذبے کا مظاہرہ کیا تھا۔


متعلقہ خبریں