ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: خراب روشنی کے باعث دوسرے دن کا کھیل ختم


ساؤتھمپٹن: تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کے دوسرے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث ختم کر دیا گیا ہے۔

ساؤتھمپٹن کے میدان میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے نو وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنا لیے ہیں۔

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 60 اور نسیم شاہ 1 رنز کے انفرادی اسکور کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

بارش سے متاثرہ میچ میں  پاکستان نے 126 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستان کی چھٹی وکٹ 158 رنز پر گری جب بابراعظم اسٹورٹ براڈ کی گیند پر وکٹ کیپر بٹلر کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کے بعد آنے والے بلے باز یاسر شاہ اور شاہین شاہ بھی جلد ہی پولین لوٹ گئے۔

خیال رہے کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن انگلینڈ کی تجربہ کار باولنگ لائن کے آگے لڑکھڑا گئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے گیارہ سال کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ میں کم بیک کرنے والے فواد عالم صفر پر آؤٹ ہو گئے۔

دوسرا ٹیسٹ: فواد عالم گیارہ سال بعد دوبارہ ٹیم میں شامل

پاکستان کی پہلی وکٹ چھ کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے والے شان مسعود صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی اور عابد علی نے 72 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ عابد علی نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے لیکن ان کے بعد کوئی دوسرا بلے باز وکٹ پہ ٹھہر نہیں سکا۔

پاکستان کی جانب سے عابد علی نے 60، اظہر علی نے 20 اور شان مسعود نے ایک رنز بنایا۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے دو جب کہ اسٹیورٹ براڈ، سیم کرن اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

مانچسٹر ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ مانچسٹر میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو باآسانی تین وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔


متعلقہ خبریں