لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے تاحیات رہنما اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی جی نائب صدر مریم نواز کو ٹیلی فون کر کے نیب دفتر کے باہر زخمی ہونے والے کارکنوں کی عیادت کے لیے رابطے کرنے کی ہدایت کردی۔
مریم نواز کے پولیٹکل سیکریٹری نے ایک بیان میں کہا ہے قائد مسلم لیگ ن نوازشریف نے مریم نواز کی خیریت بھی دریافت کی۔
خیال رہے کہ آج مسلم لیگ ن کی مرکزی صدر مریم نواز کی پیشی کےموقع پر نیب دفتر کے باہر ہنگائی آرائی ہوئی۔
پولیس کے مطابق نیب آفس کے باہرلیگی کارکنوں کے پتھراؤ سے 3 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے 10 کارکنوں کو حراست میں لے کرمختلف تھانوں منتقل کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پولیس نے میری گاڑی پر حملہ کیا، مریم نواز
نیب آفس کے اطراف ایک کلو میٹر کے علاقے کو سیل کردیا گیا ہے اور پولیس کی مزید نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ن لیگ کے کارکنوں کا نیب آفس کے باہر سیکیورٹی اہلکاروں سے جھگڑا ہوا اور پولیس کی جانب سے لیگی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی۔
ن لیگ کی قیادت میں سے محمد زبیر اور رانا ثنا اللہ بھی موقع پر موجود تھے اور کارکنان کو روکتے رہے لیکن کسی نے ان کی بات نہیں مانی۔
پتھراؤ کی زد میں آکر ہم نیوز کا ایک کیمرہ مین بھی زخمی ہوا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ن لیگ کے پندرہ سے20 کارکنان نے نیب آفس میں داخل ہونے کی کوشش کی جن کو پولیس نے روکا۔
پولیس کی جانب سے روکے جانے پر ن لیگی ورکرز نے ہٹ دھرمی دکھائی اور دھکم پیل بھی ہوئی۔ پولیس نے ن لیگی کارکنان کو پیچھے دھکیلنے کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
اس ضمن میں مریم نواز نے کہا’حوصلہ نہیں ہے تو سوچ سمجھ کر بلانا چاہیے تھا۔ مجھے نقصان پہنچانے کے لیے آج بلایا گیا۔ میں کھڑی ہوں ،اب واپس نہیں جاوَں گی۔ بےبنیاد الزامات کاجواب دیکر جاؤں گی‘۔