اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ واجد کو ٹیلیفون کیا اور ان کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کورونا سے بنگلہ دیش میں قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہارافسوس کیا اور اس وبا سے نمٹنے کےلیے بنگلہ دیشی حکومت کے اقدامات کوسراہا۔
دونوں رہنماوَں نے کورونا سے نمٹنے کےلیے اپنے اپنے اقدامات پر بات چیت کی۔ عمران خان نے قرض ریلیف کے لیے عالمی مہم سے شیخ حسینہ کو آگاہ کیا۔
عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کے متعلق پاکستان کے مؤقف سے بھی آگاہ کیا۔
پاکستان کے وزیراعظم نے حالیہ سیلاب سے بنگلہ دیش میں نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ عمران خان نے متاثرین کی جلد بحالی اور صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانے پر بھی بات کی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اکتوبر2019 میں بھی وزیر اعظم عمران خان نے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔
عمران خان نے بنگلہ دیشی ہم منصب کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ عمران خان نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کی مضبوطی کےعزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت اجاگر کی، اور بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔