خیبرپختونخوا: کورونا وائرس کے باعث مزید 2 ڈاکٹرز جاں بحق


پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث مزید 2 ڈاکٹرز جاں بحق ہو گئے ہیں۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس سےاب تک جاں بحق ڈاکٹرز کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔

انہوں نے ڈاکٹروں کےانتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ڈاکٹرز کے اہل خانہ کی ہرممکن مدد کی جائےگی، کورونا مریضوں کےعلاج کے لیے ڈاکٹروں کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے سبب ایک دن میں ریکارڈ 88 اموات ہوئی ہیں اور جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 483 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل کمانڈاینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا کے مزید3 ہزار39 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرین کی مجموعی تعداد 69 ہزار496 ہوگئی ہے۔ ملک بھرمیں کوروناکے 25 ہزار 271 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 42 ہزار742 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے 25 ہزار56 ،سندھ 27 ہزار360، خیبرپختونخوا9 ہزار 540 اور بلوچستان میں 4 ہزار193 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں کورونا کے 2 ہزار418، گلگت بلتستان678 اور آزاد کشمیرمیں251 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا میں کورونا کیسز کی تعداد61 لاکھ سے بڑھ گئی، 370,918 جاں بحق

گزشتہ تین دن کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے آٹھ ہزار کیسز ریکارڈ ہوچکے اور223 افراد جان کی بازی ہا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں تعداد475 تک پہنچ گئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں453، سندھ465، اسلام آباد27، گلگت بلتستان11، بلوچستان46 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں مجموعی طور پر پانچ لاکھ 47 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں