عیدالفطر: وزیراعظم عمران خان کو ترکی کے صدر کی مبارکباد

عیدالفطر: وزیراعظم عمران خان کو ترکی کے صدر کی مبارکباد

اسلام آباد: ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے وزیراعظم عمران خان کو عیدالفطر کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے طیارہ حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترک عوام اپنے پاکستانی بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔

ترکی کے صدر کی پاکستانی قیادت اور عوام کو عید کی مبارکباد

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ترک صدررجب طیب ایردوان نے یہ بات چیت ٹیلی فون پر کی۔ وزیراعظم عمران خان نے بھی ترک صدر کو عیدالفطر کی مبارکباد دی۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فونک بات چیت میں کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال پر مشترکہ تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کو کورونا وائرس کے انسداد کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ترکی کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے دی گئی امداد پرترک صدر رجب طیب ایردوان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

پاکستان میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے ترکی نے خدمات پیش کر دیں

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کی توجہ مقبوضہ کشمیر کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی چنار میں مظلوم کشمیری ڈبل لاک ڈاؤن کا شکار ہیں۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں ڈھائے جانے والی بہیمانہ مظالم، کیے جانے والے انسانیت سوز سلوک اورانسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے متعلق بھی ترک صدر کو آگاہی دی۔

وزیراعظم نے ترک صدرکو کورونا کے تناظرمیں بھارتی مسلمانوں کےخلاف تخریب کاری سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تخریب کاری کو مسترد کردینا چاہیے۔

مقبوضہ کمشیر: بھارتی افواج نے دو کشمیریوں کو شہید کردیا

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے گزشتہ روز عید الفطر کے پہلے دن اپنے پاکستانی ہم منصب صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کوبھی  ٹیلی فون کرکے عید کی مبارکباد دی تھی۔


متعلقہ خبریں