اسلام آباد: حکومت لاک ڈاؤن کے باعث عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے اور اپنی بساط کے مطابق فیصلے کر رہی ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تمام حکومتی فیصلوں کا محور عوام ہے اور کورونا وائرس سے بچاوَ کے لیے عوام کو آگاہی بھی دی جا رہی ہے۔
حکومتی کاوشوں کامقصد ہی عوام کو کورونا وائرس سے بچانا اور وبا نے معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ترسیلات زر کا سلسلہ رک گیا ہے۔ لاک ڈاوَن اور موجودہ صورت حال کی وجہ سے برآمد ات متاثر ہیں۔
فردوس عوام کا کہنا تھا کہ عوام بے روزگاری کا شکار ہے اور حکومت ان کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اس مسئلے سے نمٹنے کیلئے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی تجاویز ضروری ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ملکی صورت حال کو قریب سے دیکھ رہے ہیں اور انہیں روزانہ صورت حال سے متعلق بریفنگ دی جاتی ہے۔