سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد 150 ہوگئی

پاکستان میں کورونا

فائل فوٹو


کراچی: سندھ میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے بھر میں مریٖضوں کی تعداد 150 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں میں 37 افراد کی رپورٹس مثبت آئی ہیں۔

ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے اپنے تازہ ترین ٹوئٹ میں کہا ہے کہ 146 متاثرہ مریضوں میں سے 119 زائرین کو سکھر، 26 کو کراچی اور ایک کو حیدر آباد آئیسولیشن سنٹر میں رکھا ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ  نے کہا تھا کہ سکھر میں موجود 24 زائرین کےٹیسٹ کیےگئے ہیں، جن میں سے 15 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ متاثرہ زائرین اس وقت سکھر کے قرنطینہ میں موجود ہیں۔

اس سے قبل ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 74 ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں قرنطینہ کے انتظامات سے مطمئن نہیں تھے اس لیے 110 زائرین کے ٹیسٹ لیے تھے جن میں سے 50 مثبت آئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ 76 میں سے دو صحت یاب ہوگئے ہیں، کورونا کے مریضوں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب میں کورونا کا پہلا مصدقہ کیس سامنے آ گیا

ان کا کہنا تھا کہ عوام سے درخواست ہے اس وبا کو سنجیدگی سے لیں، ہمیں ذمہ دار شہری کا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت شادی بیاہ اور دیگر تقریبات پر پابندی عائد کی گئی ہے، عوام اپنی نقل و حرکت محدود رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر قرنطینہ کی ذمہ داری وفاق کی ہے، وفاقی، صوبائی حکومت اور عوام  کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 80 رکنی میڈیکل ٹیم کراچی ائیرپورٹ پر تعینات ہے، عام شہری کو ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔


متعلقہ خبریں