ملزمان کے فرار پر پولیس اہلکاروں کو اسی حوالات میں بند کردیا گیا


گوجرہ:  تھانہ صدر کی چوکی مونگی بنگلہ کی حوالات سے قتل اور چوری کے دو ملزمان  فرار ہونے پر تین پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسی حوالات میں بند کردیا گیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق چوکی مونگی بنگلہ میں قتل کا ملزم اور چک نمبر 435 ج ب کا رہائشی عابد اور چوری کا ملزم  اورچک نمبر 248 گ ب کا رہائشی رضوان بند حوالات تھے۔

پولیس ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان مونگی بنگلہ کی چوکی کی حوالات سے مبینہ نقب لگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ترجمان کے مطابق ملزمان کے فرار پر چوکی انچارج سب انسپکٹر زاہد حسین، محرر ندیم ساجد اور کانسٹیبل محمد اقبال کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تینوں پولیس اہلکاروں کوگرفتار  کر کے چوکی مونگی بنگلہ کی حوالات میں بند کردیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں ہیں۔

خیال رہے کہ ملزم عابد نے چند روز قبل اپنے بھائی کے ساتھ  مل کر گاؤں کے  ذکاءاللہ  کو قتل کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں