پاکستان میں پی ایس ایل کا انعقاد ایک بہت بڑا چیلنج تھا، احسان مانی

Ahsan mani

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں کرانا ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔

پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے چھوٹے چھوٹے قدموں سے پی ایس ایل کا پوری طرح انعقاد پاکستان میں کرایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پی ایس ایل کے انعقاد سے معیشت کو بھی فائدہ ہو گا، احسان مانی

اس ضمن میں ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے چیلنج تھا کیونکہ پاکستان میں دس سال سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان سپر لیگ کو پوری طرح پاکستان میں لایا گیا، ہماری کوشش ہے کہ اگلے سال پشاور میں بھی  پی ایس ایل کے میچز کھیلے جائیں۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ پاکستان میں دیگراسپورٹس کے لیے بھی کام کرنا ہوگا۔

ایشیاء کپ ٹورنامنٹ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ بھارت یا پاکستان کا نہیں بلکہ تمام ایشین کرکٹ کونسل کے ممبران کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیاکپ کی میٹنگ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک مہینے کے لیے تاخیر کا شکار ہوگئی ہے، اگر بھارت کے ساتھ  دو طرفہ سیریز ہوتی تو میں ضرور زور دیتا کہ بھارت پاکستان میں آ کر کھیلے۔

مزید پڑھیں:توہین عدالت کی درخواست میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے جواب طلب

ان کا کہنا تھا کہ وسیم خان کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے آفر تھی لیکن ملک کی محبت انہیں پاکستان کھینچ لائی۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ انٹرنیشنل گیم ہے،کیا آپ کو پتا ہے زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ایک پاکستانی تھے۔


متعلقہ خبریں