کبڈی ورلڈکپ کا تیسرا روز، بھارت، آسٹریلیا اور جرمنی کامیاب

کبڈی ورلڈکپ کا تیسرا روز، بھارت، آسٹریلیا اور جرمنی کامیاب

فوٹو: فائل


لاہور: کبڈی ورلڈکپ 2020 کے تیسرے روز بھارت، آسٹریلیا اور جرمنی نے میدان مار لیا۔

لاہور میں جاری کبڈی ورلڈکپ کے تیسرے روز بھی سنسنی خیز مقابلے رہے۔ دفاعی چیمپیئن بھارت نے سیر الیون کو شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کی جبکہ جرمنی نے انگلینڈ اور آسٹریلیا نے آذربائیجان کو شکست سے دوچار کیا۔ آسٹریلیا اور بھارت کی فتح کے بعد ان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں پیدا ہو گئیں۔

بھارت نے سیر الیون کو 18 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے شکست دی جبکہ آسٹریلیا نے آذربائیجان کو 24 کے مقابلے میں 53 پوائنٹس اور جرمنی نے انگلینڈ کو 28 کے مقابلے میں 49 پوائنٹس سے شکست دی۔ کبڈی ورلڈکپ میں جرمنی نے پہلی کامیابی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں پی سی بی نے ایم سی سی کی ٹیم کے دورہ پاکستان کا حتمی شیڈول جاری کردیا

کبڈی ورلڈکپ کا دوسرا مرحلہ بدھ سے فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں شروع ہو گا جس میں تین میچز کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کبڈی کے پہلے روز دو مقابلے ہوئے تھے جس کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے کینیڈا کو 24 کے مقابلے میں 64 پوائنٹس سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ کبڈی کے دوسرے میچ میں ایران نے سیر الیون کو 19 پوائنٹس کے مقابلے میں 60 پوائنٹس سے شکست دی تھی۔

پاکستان میں پہلی مرتبہ کبڈی ورلڈکپ کا انعقاد کیا گیا ہے جو 16 فروری تک جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں قومی آلراؤنڈر محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن کلیئر قرار دے دیا گیا

کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کے علاوہ بھارت، آسٹریلیا، کینیڈا، ایران، کینیا، آزربائیجان، سیرالیون، جرمنی اور انگلینڈ کی ٹیمیں شریک ہیں۔ سنسنی خیز مقابلوں کی ٹکٹیں 200 سے 400 روپے تک مقرر کی گئی ہیں جو اسٹیڈیم کے باہر سے خریدے جاسکتے ہیں۔ میگا ایونٹ کے چند میچز فیصل آباد اور گجرات میں بھی کھیلے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں