اسلام آباد: پاکستان، ملائیشیا اور ترکی نے بین الاقوامی اسلامی تنظیم(او آئی سی) کے مرکزی کردار کو اہمیت دیتے ہوئے مسلم دنیا کی سماجی و اقتصادی بہتری کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا اور مہاتیر محمد کے ساتھ ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں اس ابہام کو ختم کیا گیا کوالالمپورسمٹ امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔ اعلامیے میں او آئی سی کےمرکزی کردار کو اہمیت دیتے ہوئے امت مسلمہ کے تمام مسائل حل کرنے پر زور دیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اسلاموفوبیا کےخلاف تعاون کو مزید فروغ دینے پراتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب کو بھارت کے 5 اگست کے غیرقانونی اقدام، کشمیر میں لاک ڈاؤن اور وہاں کے عوام پر مظالم سے آگاہ کیا۔
پاکستان کے وزیراعظم نےمسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر مہاتیر محمد کا شکریہ ادا کیا۔ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کشمیر، فلسطین اور روہنگیا مسلمانوں کے مسائل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے جائیں۔
عمران خان نے کوالالمپورسمٹ کے کامیاب انعقاد پرملائیشین وزیراعظم کومبارکباد دی اور مہاتیر محمد نے بھی پاکستان کے وزیراعظم کی خطے میں امن کےلیے کوششوں کی تعریف کی۔
ملائیشین وزیراعظم نے کرتارپورراہداری کھولنے کے اقدام کوسراہا اور دونوں ممالک نے دنیا بھر میں مسلم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کےلیے مشترکہ کوششوں پراتفاق کیا۔