ملک بھر میں موسم سرد اور خشک، برسات کا نیا سلسلہ کل سے شروع ہوگا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بعض وسطی و جنوبی اضلاع اور بالائی سندھ میں آج دھند پڑ سکتی ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں شدید سرد رہے گا۔

پنجاب کے اضلاع ملتان، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ، ناروال، لاہور، بہاولپور، ڈی جی خان، سرگودھا، حافظ آباد، فیصل آباد، اوکاڑہ اور رحیم یارخان کے بعض علاقوں میں دھند پڑی ہے۔

کوٹ مٹھن، روجھاں، عمر کو ٹ، رائیونڈ، مانگامنڈی، سندر، چنیوٹ، ٹبہ سلطان پور، جہانیاں، صادق آباد، جتوئی، چشتیاں، جلالپور، خان پور، حاصل پور اور بورے والا میں شدید دھند کے سبب حد نگاہ کم ہوگئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم بالائی سندھ میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج موسم سرد اور خشک جبکہ کوئٹہ قلات اور زیارت میں شدید سر د رہنے کی توقع ہےتاہم رات کے وقت گودار، کیچ اور چاغی کے اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔

جمعے کے روز خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے ہفتے کے روز سے ملک کے اکثر علاقوں میں برسات کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے جو سوموار تک جاری رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی کالام میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں