اسلام آباد: مسافروں کی مشکلات کے پیش نظر عارضی پناہ گاہیں تعمیر کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ ملک بھر میں قائم پناہ گاہیں بے گھر اورغریب ترین افراد کا مسکن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحم اور احساس پی ٹی آئی کی حکومت کے دو اہم ترین بنیادی ستون ہیں۔

وزیراعظم کی بے گھر افراد کیلئے پناہ کا انتظام کرنے کی ہدایت

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر اسلام آباد میں قائم پناہ گاہ کے دورے کے دوران ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد محمد حمزہ سفقات بھی موجود تھے۔

پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے دورے کے دوران ترلائی میں قائم پناہ گاہ میں بے گھر افراد کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کو جائزہ لیا اوربہم پہنچائی جانے والی خوراک کا معیارپرکھا۔ انہوں نے مقیم افراد کے ساتھ رات کا کھانا بھی کھایا۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے خون جما دینے والی سردی کے دوران پناہ گاہ میں سردی سے بچاؤ کے لیے موجود انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ضروری ہدایات بھی دیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پہلی مرتبہ حکومت معاشرے کے نچلے ترین طبقے کی بہبود کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہایت سرد موسم میں چھت سے محروم شہریوں کے لیے خوراک اور رہائش کی فراہمی اہم اقدام ہے۔

بے گھر افراد کے لیے خیمے، وزیر اعظم کے حکم پر عملدرآمد شروع

ہم نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما سینٹر فیصل جاوید نے اس موقع پر کہا کہ اپنے مال سے سماج کے نچلے طبقے کے لیے حصہ نکالنے والے مخیر حضرات خصوصی خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ مسافروں کی مشکلات اور موسم کی شدت کے پیش نظر اسلام آبادہ انتظامیہ نے عارضی پناہ گاہیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس کے فوری بعد بارہ کہو میں پہلی عارضی پناہ گاہ قائم کردی گئی۔

ترجمان کے مطابق عارضی پناہ گاہ میں مسافروں کو بستر اور کھانا فراہم کیا جارہا ہے جب کہ سردی سے بچاؤ کے لیے گیس ہیٹر بھی نصب کیے گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پناہ گاہوں میں فراہم کی جانے والی سہولتیں فلاحی ریاست کی جانب پہلا قدم ہے۔


متعلقہ خبریں