اسلام آباد:سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بنی ہی عامر لیاقت جیسے لوگوں کے لئے ہے، ایسے ہی لوگ سجتے ہیں۔
احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرذرائع ابلاغ (میڈیا) سےغیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے انھوں کہا الحمدللہ :عامر لیاقت ن لیگ میں شامل نہیں ہوئے۔
نواز شریف نے یہ بات عامر لیاقت کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہی۔
نواز شریف سے جب صحافی نے پوچھا کہ کل رات ٹی وی پروگرام میں چودھری نثار نے شکوے کئے،آپ انہیں بلا کر مناتے کیوں نہیں ہیں؟ تو جواب میں وہ خاموش رہے۔
ضمنی ریفرنس پر انہوں نے کہا کہ ریفرنس پر خول چڑھایا جارہا ہے، پہلے کون سی چیز ثابت ہوئی، جواب ڈیڑھ ماہ میں ہوجائے گی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ صرف ان کے والد کے کاروبار کا پیچھا کیا جا رہا ہے، حساب لینا ہے تو 1937 سے لیں کیونکہ اللہ تعالیٰ نے انہیں اس وقت سے نوازنا شروع کیا تھا۔
تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے نواز شریف نے استفسار کیا کہ رینٹل پاور پلانٹ، کوٹیکنا، این آئی سی ایل اور ای او بی آئی کیسز کا کیا بنا؟ ان میں کرپشن (بدعنوانی) ثابت ہو چکی ہے۔ ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مقددمات (کیسز) نہیں سنے جارہے، ان کے مقدمہ میں کچھ نہ ہونے کے باوجود کچھ نکالا جارہا ہے۔
نئے ریفرنس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دلیپ کمار کی فلم جیسا حال ہے کہ جب اس کی بیوی کو پیار نہیں ملا تو اس نے دلیپ کمار کے بیڈروم کو ہی آگ لگادی۔
ان سے آرمی چیف کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات پر تبصرہ کا کہا گیا تو نوازشریف کا کہنا تھا کہ وہ اس کے بارے میں لاعلم ہیں۔ اس موقع پر ساتھ کھڑے ن لیگی رہنما چودھری تنویر نے لقمہ دیا کہ اس کی تردید آگئی ہے ،آپ لوگ اخبار پڑھ لیں۔
جب نواز شریف سے استفسار کیا گیا کہ جن لوگوں پر آپ کے احسانات ہیں،وہ آپ کو کیوں بھول گئے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ حضرت علیؓ کا قول پڑھ لیں کہ جس پر احسان کرو اس کے شر سے ڈرو۔
سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف وطن واپسی کے لئے سیکورٹی مانگنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب نہ ہی سمجھیں۔
اس موقع پر موجود مریم نواز نے کہا کہ ملک کا ستیاناس کرکے جانے والا اب واپسی کے لئے سیکورٹی مانگ رہا ہے۔ نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ ٹی وی پر کہا گیا کہ میں کچھ پڑھ پڑھ کر پھونکتی ہوں۔ اپنے تبصرے میں انہوں نے بابا بھلے شاہ کا یہ شعر پڑھا:
چنگیاں نال جی نیکی کریے—نسلاں تک نہ بھلدے