نواز شریف اور آصف زرداری کے علاج سے متعلق چیئرمین سینیٹ کی رولنگ


اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ  صادق خان سنجرانی نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدرآصف علی زرداری کےلئے علاج کی تمام سہولیات کی فراہمی کی رولنگ دے دی۔ رولنگ میں نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھجوانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت اور بیرون ملک روانگی کی اجازت کا معاملہ سینیٹ میں پہنچ گیا۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر جاوید عباسی نے نقطہ اعتراض پر نوازشریف کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا  کہ ان کی صحت خراب ہےعدالتیں ضمانت دے چکی ہیں اور حکومتی میڈیکل بورڈ نے بھی کہا ہےکہ ان کی صحت کو شدید خطرات ہیں۔ حکومت غیر قانونی طور پر شورٹی بانڈ مانگ رہی ہے نواز شریف کے نام ای سی ایل سے غیر مشروط نکالا جائے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نوازشریف کو علاج کے لئے فوری باہر بھیجنے کی رولنگ  دیتے ہوئے قائد ایوان اور وزیر پارلیمانی امور کو ہدایت کی کہ حکومت نواز شریف علاج کے لیے تمام سہولیات فراہم کرے۔

پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے آصف زرداری کا معاملہ اٹھانے پر چیئرمین نے حکومت کو آصف زرداری کو بھی علاج کے لیے تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

سینیٹر رضا ربانی نے کہا نوازشریف کے بارے ریاست دوہرے معیار کا مظاہرہ کر رہی ہے،جنرل مشرف کو عدالت لے جاتے ہوئے سی ایم ایچ لے جایا گیا ، ان کا نام ای سی ایل سے نکال کر دبئی علاج کیلئے بھجوایا گیا۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو ضمانت ملنے کے بعد بیرون ملک علاج کیلئے نہیں جانے دیا جا رہا۔ آصف زرداری تاحال سزایافتہ نہیں ۔ آصف زرداری کو نجی ڈاکٹر تک رسائی نہیں دی جا رہی۔

سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا نواز شریف کا جرم پاکستان سے محبت ہے۔ ایک سیکنڈ ضائع کئے بغیر نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجا جائے۔ انہیں معلوم نہیں کہ وہ کس کی جان سے کھیل رہے ہیں ؟

یہ بھی پڑھیے: ’نواز شریف کو جاتی امرا میں خطرہ ہے، وہ جیل میں زیادہ محفوظ تھے‘

سینیٹ میں ملک کی اقتصادی صورتحال پر بحث کے دوران وزیر خزانہ اور سیکرٹری خزانہ کی عدم موجودگی پر اپوزیشن نے احتجاج کیا ، چیئرمین سینیٹ نے اس معاملہ پر وزیراعظم کو خط لکھنے اور قائد ایوان کو وزراء کو بلانے کی ہدایات جاری کیں۔


متعلقہ خبریں