اسلام آباد: حکومت پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزا کیخلاف ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا حق ملے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آرمی ایکٹ میں تبدیلی کا ڈرافٹ تیار کر لیا ہے جس کا مقصد فوجی عدالتوں کے فیصلوں کیخلاف اپیل کا قانونی طریقہ طے کرنا ہے۔
ابتدائی طور پر سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق ترمیم کے بعد جو نیا ایکٹ بنے گا اس کا اطلاق صرف عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں کے معاملے پر لاگو ہوگا۔
خیال رہے کہ عالمی عدالت انصاف پاکستان کو حکم دیا تھا کہ پاکستان کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر نظر ثانی کرنے کرے۔ عالمی عدالت نے بھارت کی جانب سے کلبھوشن یادیو کی واپسی، رہائی اور فوجی عدالت کا فیصلہ ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔
پاکستان نے عالمی عدالت کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی جاسوس کیساتھ ملکی قوانین کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔
عالمی عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے قوانین کے مطابق کلبھوشن کے پاس فیصلے کے خلاف اپیل کا حق موجود ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتے تھے، عالمی عدالت نے پاکستانی قوانین کے مطابق کلبھوشن کو اپیل کا حق دیا ہے جوکہ پاکستانی قوانین کے تحت پہلے ہی اسے حاصل تھا۔