’پلان بی‘ پر مشاورت، جے یو آئی (ف) کا اہم اجلاس جاری

پلان بی کے تحت اہم شاہراہیں بلاک کرنا اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے کا فیصلہ متوقع ہے، ذرائع


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت پارٹی کا اہم اجلاس جاری ہے جس میں آزادی مارچ کے مستقبل اور رہبر کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اجلاس مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت ان کی رہاش گاہ پر ہو رہا ہے جس میں مولانا عطا الرحمان، مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم درانی، راشد سومرو، عبدالواسع، مولانا امجد خان سمیت دیگر شریک ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی کی عاملہ و شوریٰ کے ارکان اور چاروں صوبائی امیر بھی اجلاس میں شریک ہیں جس میں آزادی مارچ کے مستقبل کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔

اجلاس میں رہبر کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں اہم فیصلے متوقع ہیں جبکہ پلان بی پر کس حد تک عمل کرنا ہے، پارٹی رہنما اس حوالے سے تبادلہ خیال کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پلان بی کے تحت اہم شاہراہیں بلاک اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کا فیصلہ متوقع ہے، شاہراہ ریشم چمن بارڈر کو جانے والی شاہراہیں بند کرنا بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے اس سلسلے میں پارٹی سے تجاویز طلب کرلی ہیں۔

آزادی مارچ

مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں 31 اکتوبر سے اسلام آباد کے ایچ نائن سیکٹر میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کا حکومت مخالف آزادی مارچ جاری ہے۔

مارچ کے شرکاء نے کئی روز سے دھرنا دیا ہوا ہے جن کا مطالبہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں اور ملک میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔

معاملے کے حل کے لیے حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں کی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے ہیں تاہم ان میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

تین نومبر کو مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں کہا تھا کہ مسئلہ ایک شخص کے استعفیٰ کا نہیں قوم کی امانت کا ہے، ہم پیچھے نہیں آگے جائیں گے جبکہ ابھی پلان بی اور سی باقی ہے۔


متعلقہ خبریں