نیویارک/اسلام آباد: معیشتوں کی درجہ بندی کرنے والے عالمی ادارے موڈیز نے بھارتی معیشت کی ریٹنگ منفی کر دی ہے۔
ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق بھارتی معیشت کا درجہ پہلے مستحکم تھا لیکن اب اس کی سمت درست نہیں۔
موڈیز کے مطابق بھارتی اداروں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے اور اس کی معاشی سمت ملک کے خسارے اور قرضوں میں اضافہ کرے گی۔
ایجنسی کے مطابق حکومتی پالیسیوں کے سبب آنے والے دنوں میں بھارتی معیشت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بھارت کا شمار تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں ہوتا ہے تاہم موڈیز کی حالیہ رپورٹ کے مطابق دیگر ممالک کی معاشی ریٹنگ میں کوئَی فرق نہیں پڑا۔
رواں برس اپریل اور جون کے درمیان بھارت اپنی معیشت میں صرف پانچ فیصد اضافہ کر سکا جو پانچ سال کی کم ترین شرح ہے۔ طلب اور رسد میں فرق کے سبب بھی معیشت کی ریٹنگ میں کمی ہوئی ہے۔
موڈیز کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں بے روزگاری کی شرح گزشتہ تین سال کی بلند ترین سطح 8.5 پر پہنچ چکی ہے اور حالات جلد ٹھیک ہونے کا کوئی امکان نہیں۔
عالمی ادارے کی رپورٹ کے بھارتی اسٹاک مارکیٹ پر برے اثرات پڑے ہیں جب کہ ایک ڈالر کی قیمت بھی بڑھ کر 71.31 بھارتی روپے ہو گئی ہے۔