’مریم اورنگزیب نے جلسے کا دن تبدیل کرنے کا بیان اکرم درانی کے کہنے پر دیا تھا‘


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے جلسے کا دن تبدیل کرنے کے متعلق مریم اورنگزیب کا حالیہ بیان اکرم درانی کے کہنے پر دیا گیا تھا۔

ہم نیوز کے پروگرام “صبح سے آگے” میں میزبان اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج اپوزیشن حکومت کے سامنے اپنے مطالبات پیش کرے گی جس کے بعد حکومت کو اس معاملے پر سنجیدگی دکھانے کی ضرورت ہے۔

اپنے مطالبات کے حوالے سے رہنما مسلم لیگ ن نے بتایا کہ ہمارا اہم مطالبہ یہی ہے کہ حکومت وقت فورا مستعفی ہو اور ملک میں دوبارہ انتخبات کرائے جائیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ اس حکومت نے ملکی معیشت کا برا حال کر دیا ہے اور عوام پر مہنگائی کا بڑا بم گرایا ہے۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کو وہ میڈیا کوریج نہیں ملی جیسی ملنی چاہیئے تھی، ایک چینل کے علاوہ کسی نے مارچ کو کوریج نہیں دی۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے پاس نہ کوئی پلان ہے نہ ہی ٹیم ہے، اس مسئلے کا واحد حل صرف انتخابات ہیں، اگر کسی اور طرف جانے کی کوشش کی گئی تو معاملات صرف اور صرف خرابی کی طرف جائیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بالآخر حکومت کو ہمارے مطالبات ماننے ہہی پڑیں گے کیونکہ اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی اور راستہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ادارے اتنے متنازع ہو چکے ہیں کہ آج تمام سیاسی جماعتیں ان کی نگرانی میں انتخابات نہیں چاہتیں، گزشتہ انتخابات کے نتائج بہت سنگین نکلے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس طرح نہیں چل سکتا جیسے پاکستان کو چلایا جا رہا ہے، یہاں ہر دس سال بعد ایک نیا تجربہ کیا جاتا ہے، ہمارے ساتھ کے ممالک ہر لحاظ میں ہم سے آگے نکل چکے ہیں کیونکہ وہاں اس قسم کے تجربات نہیں کیے جاتے۔


متعلقہ خبریں