اسلام آباد: معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نواز شریف کی صحت سے متعلق مسلسل معلومات لے رہے ہیں۔
اسلام آباد میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق معلومات کیلئے ڈاکٹر فیصل کو بھجوایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح ہدایات دی ہیں کہ میاں نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جائیں۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ ہم کسی بیمار کی بیماری پر سیاست نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ سیاست کرنے کے لیے اور بہت سے موضوعات ہیں۔
نواز شریف کی درخواست ضمانت کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عدالت کے تفصیلی فیصلے کے بعد ہی اس پر اپنا موقف دینگے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیماری کی وجہ سے جذبہ خیر سگالی کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا عالمی بینک کی تاریخ میں پہلی بار کسی ملک (پاکستان) کی رینکنگ اتنی تیزی سے بہتر ہوئی ہے۔ کسی بھی ملک میں سرمایہ کاری کیلئے اسکی عالمی رینکنگ دیکھی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ضمانت کے باوجود نواز شریف رہا نہیں ہو سکیں گے
انہوں نے کہا کہ عالمی درجہ بندی میں بہتری کیلئے وفاقی اورصوبائی حکومتوں نے بہت محنت کی۔ کاروبار میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر نے کہا کہ پوری دنیا میں اصلاحات کے حوالے سے ہم نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مختلف اداروں سے ملکر اقدامات کر رہے ہیں
انہوں نے کہا کہا کہ عالمی درجہ بندی میں 2007 میں پاکستان کی رینکنگ 70 تھی، گزشتہ سال 136 تک پہنچی۔
زبیر گیلانی نے کہا کہ اصلاحات کے نتیجے میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہو کر 108پر آگئی۔ کاروبار کو لاگت کی بجائے سرخ فیتے سے نقصان پہنچ رہا تھا۔