مولانا فضل الرحمان پر کلمہ پڑھنا فرض ہو گیا ہے، مفتی عبدالقوی


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) علماء ونگ کے سربراہ مفتی عبدالقوی نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر کلمہ پڑھنا فرض ہو گیا ہے کیونکہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے ہیں۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ حضوراکرم ﷺ نے فرمایا کہ کوئی شخص کسی دوسرے شخص پر جھوٹا الزام عائد کرے گا اور اس میں وہ باتیں نہیں ہوں تو الزام لگانے والا شخص خود ان ہی القابات کا مستحق ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حدیث میں روشنی میں مولانا جھوٹے الزامات لگانے کی وجہ سے خود یہودی ایجنٹ ہیں اور انہیں ایک بار پھر کلمہ پڑھنا چاہیئے۔

مفتی عبدالقوی کا کہنا تھا کہ اسلام کی جس قدر بات بطور وزیراعظم عمران خان نے کی آج تک کسی مولانا کے منہ سے نہیں سنی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے ایک منافقانہ طرز سیاست جاری رکھا ہوا ہے، وہ تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے نام پر لوگوں سے پیسے اکھٹے کر رہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی جماعت کے ضلعی امیروں کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ وہ اپنے علاقے سے تحفظ ناموس رسالت ﷺ کے نام پر25 لاکھ روپے اکھٹا کر کے جمع کرائیں۔

مفتی عبدالقوی نے کہا کہ مولانا 18 سال تک کسی نہ کسی صورت میں شریک اقتدار رہے ہیں، انہوں نے ہی آصف علی زرداری کا نام ملک کے صدر کے طور پر تجویز کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر آصف علی زرداری نے کرپشن کی ہے تو ان کا نام تجویز کرنے والے لوگ بھی شریک جرم تصور کئے جائیں گے۔

مفتی عبدالقوی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں کسی بھی دینی جماعت اور مکتبہ فکر کے لوگ نہیں آ رہے، ان کے ساتھ صرف چور اور ڈاکو ملے ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں