نواز شریف کو خاندان کے افراد کی مرضی کے مطابق طبی سہولیات فراہم کریں، وزیراعظم

پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، وزیراعظم

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے نوازشریف کو ان کے خاندان کی منشا کے مطابق علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے محمد نواز شریف کی صحت کے متعلق پنجاب حکومت سے تفصیلات طلب کی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان  نے نواز شریف کی  صحت یابی کیلئے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا ہے۔ عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کو نواز شریف کے علاج معالجے سے متعلق ضروری ہدایات دی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کو نوازشریف کے علاج معالجے کے لیے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

عمران خان کو بتایا گیا کہ محمد نوازشریف کی صحت کے حوالے سے محکمہ صحت پنجاب کے حکام اور اسپتال انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہوں۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو طبیعت خراب ہونے پر گزشتہ روز جیل سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹلٹس(خون میں موجود سفید خلیے) کی تعداد کم ہو گئی تھی۔

نوازشریف کے لیے6 رکنی میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا جس کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز ہوں گے۔  بورڈ میں ڈاکٹر کامران خالد چیمہ، ڈاکٹر عارف ندیم، ڈاکٹر فائزہ بشیر، ڈاکٹر خدیجہ عرفان اور ڈاکٹڑ ثوبیہ قاضی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسپتال کے وی آئی پی کمرے کو ہی نیب کی سب جیل قرار دے دیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے علاوہ کسی کو سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت نہیں۔


متعلقہ خبریں