’ کراچی کے مسائل حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے’

اگر نیب کیسز میں رعایت دینی ہے تو اپوزیشن سے مکالمے کا کیا فائدہ؟ وزیر اعظم

فائل فوٹو


کراچی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے، وفاقی حکومت کو شہر قائد میں پانی، مواصلات، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے۔

انہوں نے یہ بات  تحریک انصاف کے ممبران سندھ اسمبلی سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں گورنر سندھ عمران اسمعیل ، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم خان سواتی، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وزیر بحری امور سید علی زیدی،  وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا،  معاون خصوصی ندیم بابر اور ممبر قومی اسمبلی اسد عمر بھی موجود تھے۔

ممبران نے وزیراعظم عمران خان کو اپنے حلقوں میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور مسائل سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں کراچی  کے عوام اور اس کے مسائل کو نظر انداز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کو حل کرنا صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن عوامی فلاح  و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاق اپنے وسائل کے مطابق شہر کے مسائل کے حل میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلدیاتی نظام کراچی کے مسائل کا حل نکالنے میں معاون ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ  ہماری حکومت کو تاریخ کا سب سے بڑا معاشی خسارہ ورثے میں ملا ہے لیکن  اب ملک کی معاشی صورتحال بہت حد تک بہتر ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کے معاشی حالات کرپشن کی وجہ سے ابتر ہو گئے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے وفاقی وزراء کو ہدایت کی کہ وہ کراچی کے ممبران اسمبلی سے رابطے مزید بڑھائیں۔

بعد ازاں وفاقی وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے ممبران سندھ اسمبلی کو کراچی میں جاری اور زیر غور وفاقی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

واضح رہے وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں جہاں وہ شہرقائد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر حکام سے بریفنگ لیں گے۔

وزیراعظم عمران خان حب میں چائنا کے تعاون سے 1320 میگا واٹ کے پاور پلانٹ کا افتتاح کریں گے۔

دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت کے مطابق وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کو مدعو نہیں کیا گیا اس لئے  وزیر اعظم سے وزیر اعلی کی ملاقات نہیں ہوگی۔

یاد رہے وزیر اعظم کے گزشتہ دورے کراچی پر بھی وزیر اعلی کو مدعو نہیں کیا تھا۔


متعلقہ خبریں