کراچی:قومی ٹیم کے سلامی بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے 44 ایک روزہ میچز کھیلنے کے باوجود اپنے ملک میں پہلا میچ میرے لیے ڈیبیو کے مترادف ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے کرکٹ کھیلنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے، کوشش کروں گا سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں تیز ترین سنچری بناؤں۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے آغاز سے قبل ہر کھلاڑی پرجوش ہے۔
سیریز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کراچی میں ٹی ٹونٹی میچ کے دوران نیشنل اسٹیڈیم میں بہترین کراؤڈ تھا،امید ہے سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے بھی نیشنل اسٹیڈیم کے انکلوژرز کھچا کھچ بھرے ہوں گے۔
محمد رضوان نے کہا کہ میچز کے آغاز کا بیتابی سے انتظار کررہا ہوں، ہوم کراؤڈ کے سامنے کھلاڑیوں کا جذبہ بلند رہتا ہے۔
واضح رہے پاکستان اور سریلنکا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کل کراچی میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا ایک روزہ میچ 29 ستمبر بروز اتور جبکہ تیسرا میچ 3 اکتوبر بروز جمعرات نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔
اس سیریز میںتین ٹی 20 میچ بھی ہوں گے جن کا انعقاد لاہور میں کیا جائے گا۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پانچ اکتوبر کو پہلا ٹی 20 میچ ہوگا جب کہ دوسرا اور تیسرا ٹی20 میچ بھی اسی اسٹیڈیم میں بالترتیب 7 اور 9 اکتوبر کو ہوں گے۔