گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید 1 ہزار 201 افراد ڈینگی وائرس کا شکار


اسلام آباد : ملک بھر میں ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے متاثر افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید 1 ہزار 201 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے،متاثرہ مریضوں کی تعداد 11 ہزار 214 ہوگئی۔ 

سرکاری طور پر جاری رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ڈینگی کے وار تیزی سے جاری ہیں جہاں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 680 تک پہنچ گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ڈینگی وائرس کے حملے جاری ہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 396 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ، وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1ہزار 910 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کی خطرناک صورتحال بدستور موجود ہے، کے پی میں 48 گھنٹوں کے دوران 453 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔  خیبر پختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 267 ہوگئی ہے۔

اسی طرح سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 397 تک پہنچ گئی،بلوچستان میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 ہزار 773 ہوگئی۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں بھی ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا ہے، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مزید 38 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی اورآزاد کشمیر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 148 ہو گئی ہے۔

ہنگامی صورتحال کے باعث جڑواں شہروں میں حکومت نے راولپنڈی اور اسلام آباد کے نجی اسپتالوں سے معاونت مانگ لی ہے۔

جڑواں شہروں کے نجی اسپتالوں کے 1 ہزار 250 بیڈز ڈینگی مریضوں کے لیے مختص کردیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: عثمان بزدار کا صوبے بھر میں ڈینگی بریگیڈ فعال کرنے کا حکم


متعلقہ خبریں