ڈیرہ اسماعیل خان: مٹی کا تودہ گرنے سے 4افراد جاں بحق ،100بھیڑیں ہلاک


ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی سرحد کے قریب علاقہ شہال راغہ میں خانہ بدوشوں پر مٹی کا تودہ گرنے سے 4 افراد جاں بحق ،جبکہ 100 کے قریب بھیڑ بکریاں  ہلاک ہوگئی ہے۔

مقامی انتظامیہ کے مطابق مٹی کا تودہ سابقہ ایف آر سب ڈویژن درازندہ کے علاقہ شہال میں خانہ بدوشوں پر گرا۔

اسسٹنٹ کمشنر درازندہ سمیع اللہ کے مطابق خانہ بدوش رات کو سو رہےتھے کہ اسی دوران ان پر مٹی کا تودہ گرا۔

واقعہ میں چار افراد کے جاں بحق ہونے کے علاوہ 100 کے قریب بھیڑ بکریاں بھی ہلاک ہو گئیں  ۔

سمیع اللہ نےذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو  بتایا کہ جاں بحق افراد میں سے دو کا تعلق درازندہ جبکہ دو کا تعلق ژوب سے ہے ۔ انتظامیہ نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ملبے میں دبے افراد کا نکال لیا اور انکی نعشیں اپنے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے: ناران: لینڈسلائیڈنگ سے دو سیاح جاں بحق


متعلقہ خبریں