پاکستانی تاجر برطانوی ہاؤس آف لارڈز کا رکن منتخب


لندن: پاکستانی نژاد برطانوی تاجر ضمیر چوہدری کو ملکہ برطانیہ نے ہاؤس آف لارڈز کا رکن منتخب کرلیا ہے۔

ضمیر چوہدری کو ہاؤس آف لارڈز کا رکن بنانے کی سفارش سابق برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے اپنے استعفیٰ کی آنر لسٹ میں کی تھی جس کی توثیق ملکہ برطانیہ نے بروز منگل کی۔

تھریسا مے نے پاکستانی نژاد برطانوی تاجر جو کہ بیسٹ وے گروپ کے چیف ایگزیکٹو ہیں کی بطور ہاؤس آف لارڈز کے رکن نامزدگی اپنے استعفیٰ کی آنر لسٹ میں کی تھی۔

اس لسٹ میں سیاست کے میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات، کھیلوں کے میدان کے بڑے نام اور بطور بہترین بزنس لیڈر اپنی صلاحیتوں کا سکہ منوانے والے افراد کے نام شامل ہیں۔

ضمیر چوہدری کا بطور رکنِ ہاؤس آف لارڈز انتخاب پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، ساتھ ہی ساتھ ان کو لارڈ بنایا جانا برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی محنت کو تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ وہ اپنے عہدے کا باقاعدہ حلف آئندہ چند ہفتوں میں اٹھائیں گے۔

ضمیر چوہدری کو برطانیہ کی مقامی اور بیرون ملک تجارت میں بطور کامیاب بزنس مین اپنا سکہ منوانے، بطور سماجی کارکن برطانیہ اور دیگر ممالک میں بہترین خدمات اور پاکستان کے قدامت پسند دوستوں کی تنظیم کے چیئرمین کے طور پر بہترین کارگردگی کے اعتراف میں یہ اعزاز دیا جا رہا ہے۔

کمانڈر آف دا موسٹ ایکسیلنٹ آرڈر آف برٹس امپائر کا اعزاز (سی بی ای) کا اعزاز اپنے نام کرنے والے ضمیر چوہدری معروف تاجر سر انور پرویز کے قریبی رشتہ دار ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ’لارڈ منتخب ہونا میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے جسے حاصل کرکے بہت خوشی محسوس کررہا ہوں۔ میں نے ہمیشہ برطانیہ کو بطور ایک ترقی پسند ملک دیکھا ہے اور یہ آگے بڑھنے والوں کو مواقع فراہم کرتا ہے، میں مستقبل میں بھی برطانیہ کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔‘

بیسٹ وے گروپ کے چیف ایگزیکٹو ضمیر چوہدری کو 2008 میں صدر پاکستان کی جانب سے اپنے آبائی وطن کے لیے گراں قدر سماجی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

یاد رہے کہ برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے نومنتخب رکن ضمیر چوہدری پاکستان کے شہر گوجر خان کے ایک پسماندہ گاؤں ٹھاٹھی سے تعلق رکھتے ہیں۔ 12 سال کی عمر میں وہ پاکستان سے برطانیہ اپنے والد کے پاس چلے گئے تھے۔ ضمیر چوہدری کے والد نےجنگ عظیم دوم میں برطانیہ کی جانب سے حصہ لیا تھا۔


متعلقہ خبریں