سرکاری اسکولوں میں پرائمری تک ذریعہ تعلیم اردو میں منتقل کرنے کی تجویز منظور


لاہور:پنجاب کی  صوبائی کابینہ کمیٹی برائے قانون  نے سرکاری اسکولوں میں پرائمری تک ذریعہ تعلیم اردو زبان میں منتقل کرنے کی تجویز منظورکرنے کے ساتھ ساتھ ساؤتھ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈی جی خان کے قیام کی سفارش بھی کردی ہے۔ 

کمیٹی کے 13ویں  اجلاس میں مختلف محکموں کے قوانین اور قواعد و ضوابط میں ترامیم کی 20 تجاویز زیرغورآئیں۔

کمیٹی نے ملازمت پیشہ خواتین کو ہاسٹل کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے “ویمنز ہاسٹل اتھارٹی” کے قیام کی سفارش بھی کی ہے۔

پنجاب ویمنز پروٹیکشن ایکٹ 2016 ء میں گھریلو خواتین کو شامل کرنے کی ترمیم منظور کرنے کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس کا نام ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کرنے کی سفارش بھی کی گئی ۔

فوری انصاف کی فراہمی کے لیے صوبائی قوانین میں اصلاحات لانے کی تجاویز منظورکرنے کے ساتھ ساتھ کمیٹی نے  قصورکی تحصیل کوٹ رادھا کشن اورسرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں سیشن عدالت کے قیام کی تجویز سے بھی اتفاق کرلیا ہے۔

پنجاب بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی کے سروس رولز 2009 ء میں ترمیم کی تجویز بھی منظور کرلی گئی ہے۔

کمیٹی نے سرکاری اسپتالوں میں طبی عملے کے تحفظ کے مسودہ  قانون کو مزید موثربنانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب  میں ڈاکٹرز ،نرسز اور پیرامیڈیکل اسٹاف  کی سرکاری حیثیت ختم


متعلقہ خبریں