لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں واقع شاد مان چوک کو بھگت سنگھ کے نام سے منسوب کرنے کے لیے دائر درخواست پرلاہور ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے ایک ہی جیسی تمام درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم دے دیا۔
شاد مان چوک کو بھگت سنگھ کے نام سے منسوب کرنے کی درخواست بھگت سنگھ میموریل فائونڈیشن کے چئیرمین نے ایڈووکیٹ عبدالرشید قریشی کی وساطت سے دائر کی۔
درخواست گزارنے موقف اختیار کیا کہ بھگت سنگھ ایک فریڈم فائٹرتھا۔ قائداعظم محمد علی جناح نے بھگت سنگھ کی بہادری اور جرات کی تائید کی تھی۔ میجرعزیز بھٹی شہید نے بھی اُنہیں ہیرواورآئیڈیل جیسا لقب دیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ جنگ آزادی کے ہیرو کوشاد مان چوک کے کیمپ جیل میں راج گرواورسکھ دیو سمیت پھانسی دی گئی تھی۔
بھگت سنگھ میموریل فائونڈیشن نے استدعا کی کہ عدالت متعلقہ اداروں کو شاد مان چوک کو بھگت سنگھ کے نام سے منسوب کرنے اور وہاں مجسمہ تعمیر کرنے کا حکم دے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ ہمسایہ ملک بھارت میں بھی اکبر، شاہ جہان اور بہادر شاہ ظفر کے نام سے سڑکوں کو منسوب کیا گیا ہے۔ یہاں تک کے برطانیہ میں بھی بھگت سنگھ روڈ موجود ہے۔