مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات


اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی اسپیکر ہاؤس اسلام آباد میں اسد قیصر سے ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے موجودہ معاشی و اقتصادی صورتحال کو مستحکم بنا نے کے لیےاقدامات سے آگاہ کیااورملک کے کسانوں اور زراعت کی ترقی کے لیے اقدامات پر گفتگو کی گئی ۔

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہمیں کسان دوست پالیسیاں بنانا ہونگی۔معاشی پالیسیوں میں عام آدمی کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے ،زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشت کاری میں مشکلات کی وجہ سے معاشی ترقی بھی سست روی کا شکار ہے۔زرعی پیداوار میں اضافہ ہی ملکی معیشت کی حالت بہتر کر سکتا ہے۔کپاس جیسی اہم فصلوں کی بہتری کے لئے تاریخی فیصلے کرنا ہونگے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کے لیے کسان کو سہولیات دینا ہونگی۔ صنعتوں کے فروغ سے روزگار کےمواقع پیدا ہونگے۔چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ ٹیکس ریفارمز پر توجہ مرکوز کی جائے۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔صنعتکاروں کے مسائل حل کررہے ہیں۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر قابو پا لیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمزور معیشت موجودہ حکومت کو ورثہ میں ملی ہےاور حکومت اس کی بہتری کے لیے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے، اس وقت حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی ہے، پا کستان کے معاشی بحران کا مستقل حل چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ نے اس موقع پر دعوی کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت اس پر جلد قابو پا لے گی۔

یہ بھی پڑھیے: گزشتہ چند روز بہت زیادہ مایوس کن اور تکلیف دہ تھے،محمد حفیظ


متعلقہ خبریں