لاہور سمیت چار شہروں میں پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا

polio

لاہور: پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت چار شہروں میں چار روزہ پولیو مہم کا آغاز کل بروز پیر سے کیا جائے گا۔

انسداد پولیو پروگرام پنجاب انچارج سلمان غنی کے مطابق یہ خصوصی مہم 26 اگست سے لے کر 29 تک جاری رہے گی.

انسداد پولیو مہم کے دوران لاہور، سرگودھا، جہلم اور میانوالی میں 19 لاکھ 72 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق پورے لاہور ضلع کو پولیو مہم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ سرگودھا، میانوالی اور جہلم کی 46 یونین کونسلوں کو مہم میں شامل کیا گیا ہے۔

پروگرام کے مطابق لاہور میں پولیو وائرس کی شدید گردش کی وجہ سے مکمل لاہور کو مہم میں شامل کیا گیا ہے۔ لاہور میں اب تک چار بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

جبکہ جہلم میں بھی ایک بچےمیں وائرس پایا گیا ہے، جس کی وجہ سے جہلم کی تحصیل پنڈ دادن خان اور سرگودھا کی تحصیل بھیرہ کی 31 یونین کونسلوں میں مہم کا انعقاد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے چھ شہروں میں پولیو وائرس کا انکشاف

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق بنوں میں جاری پولیو وائرس کی گردش کو دیکھتے ہوۓ میانوالی کی تحصیل عیسیٰ خیل کی 15 یونین کونسلوں جو خیبر پختونخواہ سے منسلک ہیں میں بھی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائیگا۔

انسداد پولیو پروگرام انچارج سلمان غنی کا کہنا ہے کہ جس علاقے میں  اگر کوئی بچہ پولیو کا شکار ہوتا ہے یا ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوتی ہے وہاں یکے بعد دیگرے تین مہم چلائی جاتی ہیں۔ تاکہ وائرس کا مکم خاتمہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور ملک بھر میں پولیو کے خاتمہ کو یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

غنی نے والدین سے گزارش کی ہے کہ وہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو ویکسین کے دو قطرے ضرور پلائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین وزارت صحت پاکستان سے تصدیق شدہ، محفوظ اور مئو ثر ہے۔


متعلقہ خبریں